حHakeem ZakiUnani physician · Author
→ All Zaki Insights
زادِ روز

زادِ روز دین و طب کی مختصر روزانہ رہنمائی اتوار، ۶ ستمبر ۲۰۲۶ء، ۲۳ ربیع الاول ۱۴۴۸ھ

اصلاحی عنوان خبر آگے بڑھی، ذمہ داری بھی

زادِ روز

دین و طب کی مختصر روزانہ رہنمائی

اتوار، ۶ ستمبر ۲۰۲۶ء، ۲۳ ربیع الاول ۱۴۴۸ھ

اصلاحی عنوان
خبر آگے بڑھی، ذمہ داری بھی

دین

خاندانی گروپ میں صوتی پیغام آیا؛ فلاں شخص نے چندے میں خیانت کی ہے۔ ثبوت کوئی نہیں، مگر آخر میں لکھا تھا؛ جیسا ملا، ویسا بھیج دیا۔ چند گھنٹوں میں ایک آدمی کی عزت کئی فونوں میں تقسیم ہوچکی تھی، اور ہر بھیجنے والا خود کو محض ڈاکیا سمجھ رہا تھا۔

فارورڈ کرنا بے تعلق نقل نہیں؛ ہم خبر کو نئی مجلس، نئی عمر اور اپنے نام کا تھوڑا سا اعتبار دیتے ہیں۔ سورۃ الحجرات، آیت ۶ خبر کی تحقیق کا حکم دیتی ہے، تاکہ نادانی میں کسی کو نقصان پہنچاکر بعد میں ندامت نہ ہو۔

جس بات کی تصدیق نہیں، اسے روک لینا بزدلی نہیں؛ دیانت ہے۔ اور خبر جھوٹی نکل آئے تو اپنے فون سے حذف کرنا کافی نہیں۔ جن لوگوں تک ہم نے پہنچائی، انہی تک تصحیح بھی پہنچنی چاہیے۔ زبان سے نکلی تہمت اور انگلی سے بھیجی تہمت کا حساب الگ نہیں۔

ابتدائی طبی امداد
ناک سے خون؛ سر پیچھے نہیں

ناک سے خون نکلا تو مریض کا چہرہ اوپر کردیا؛ خون سامنے آنا کم ہوا تو سمجھا بہنا رک گیا۔ اکثر خون رکتا نہیں، حلق میں اترنے لگتا ہے؛ اس سے نگلنے، متلی یا قے کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔

مریض کو سیدھا بٹھاکر قدرے آگے جھکائیں، منہ کھلا رکھیں، اور ناک کے سخت پل کو نہیں بلکہ نتھنوں کے عین اوپر نرم حصے کو دونوں طرف سے مسلسل ۱۰ سے ۱۵ منٹ دبائیں۔ درمیان میں چھوڑ چھوڑ کر دیکھنا بننے والے لوتھڑے کو توڑ سکتا ہے۔ روئی یا ٹشو اندر ٹھونسنے اور چت لٹانے سے گریز کریں۔ خون رکنے کے بعد چوبیس گھنٹے ناک زور سے نہ جھاڑیں، بھاری وزن نہ اٹھائیں اور گرم مشروب نہ لیں۔

خون ۱۰ سے ۱۵ منٹ میں نہ رکے، مقدار بہت زیادہ ہو، سانس میں دقت یا چکر آئے، سر پر چوٹ کے بعد شروع ہوا ہو، یا خون پتلا کرنے والی دوا چل رہی ہو تو فوری طبی مدد لیں؛ دوا خود سے بند نہ کریں۔

عمومی تعلیمی رہنمائی؛ ذاتی تشخیص یا علاج کا متبادل نہیں۔

مؤلف: حکیم محمد ذکی العثمانی
ناشر: مرادیہ الفرقان اکیڈمی، مظفرنگر
رابطہ: 8006482710

ذ
Hakeem Muhammad Zaki Al UsmaniOriginal publication · www.hakeemzaki.com